بالی ووڈ اداکارہ سیلینا جیٹلی نے اپنے آسٹریا سے تعلق رکھنے والے شوہر پیٹر ہاگ کے خلاف شکایت درج کرا دی ہے۔ تحقیقات میں مبینہ عدم تعاون کے باعث پیٹر کے خلاف لک آؤٹ سرکلر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پیٹر کے خلاف مقدمہ گھریلو تشدد، جسمانی نقصان پہنچانے، مجرمانہ دھمکیاں دینے اور مسلسل ہراسانی کے الزامات پر مبنی ہے۔
حکام نے ان کے خلاف لک آؤٹ سرکلر جاری کیا اور معاملہ اس وقت مزید سنگین ہو گیا جب انہوں نے مبینہ طور پر تفتیش میں تعاون نہیں کیا۔
سیلینا کی شکایت کے بعد پیٹر کے خلاف خواتین کو گھریلو تشدد سے تحفظ کے قانون 2005 کے تحت جاری کیس کے ساتھ ساتھ فوجداری کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔
سیلینا نے 2010 میں آسٹرین کاروباری شخصیت اور ہوٹل مالک پیٹر ہاگ سے شادی کی تھی۔ 2012 میں ان کے ہاں جڑواں بیٹوں کی پیدائش ہوئی۔ 2017 میں وہ دوبارہ جڑواں بچوں کی ماں بنیں، تاہم ان میں سے ایک بچے کا دل کی بیماری کے باعث انتقال ہو گیا تھا۔
نومبر 2025 میں سیلینا نے پیٹر کے خلاف گھریلو تشدد کے قانون کے تحت مقدمہ دائر کیا تھا، جس میں انہوں نے الزام لگایا کہ انہیں مسلسل گھریلو تشدد کا سامنا رہا۔