پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے بڑھتی ہوئی آبادی اور معاشی مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو کم بچوں کی پیدائش کا مشورہ دے دیا۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایک نجی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے کہا کہ اگرچہ یہ بات درست ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ ہر انسان کا رزق مقرر کرتا ہے، تاہم والدین پر یہ ذمے داری بھی عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی استطاعت اور وسائل کو مدِنظر رکھتے ہوئے بچوں کی پرورش کا فیصلہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ 7 یا 8 بچوں کو دنیا میں لانا جبکہ ان کی مناسب تعلیم، تربیت اور بنیادی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت موجود نہ ہو، ایک غیر ذمے دارانہ طرزِ عمل ہے۔
سینئر اداکارہ نے کہا کہ والدین کو اتنے ہی بچے پیدا کرنے چاہئیں جنہیں وہ بہتر زندگی اور روشن مستقبل فراہم کر سکیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں خاندانی منصوبہ بندی اور آبادی پر قابو پانے کے حوالے سے آگاہی مہم چلائی جاتی تھیں، لیکن اب ایسی مہم تقریباً نظر نہیں آتیں۔
بشریٰ انصاری کے مطابق پاکستان کو اس وقت معاشی مشکلات، محدود وسائل اور بڑھتی ہوئی آبادی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، لہٰذا اس مسئلے پر سنجیدگی سے توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔