پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات اپنی آنے والی ہارر تھرلر فلم زومبیڈ کے باعث مسلسل خبروں میں ہیں، جبکہ حال ہی میں انہوں نے اپنے کردار کے لیے کی گئی سخت محنت اور تیاری سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔
ایک انٹرویو میں مہوش حیات نے بتایا کہ فلم میں زومبا ٹرینر کا کردار نبھانے کے لیے میں نے باقاعدہ اصل زومبا کلاسز لیں تاکہ کردار کو حقیقت کے قریب لا سکوں۔
اداکارہ نے کہا کہ جب مجھے پتہ چلا کہ مجھے زومبا ٹرینر کا کردار ادا کرنا ہے تو میں واقعی جم گئی، وہاں زومبا کلاسز لیں اور باقاعدہ ٹریننگ کی کیونکہ میں چاہتی تھی کہ میرا انداز ایک حقیقی زومبا ٹرینر جیسا لگے۔
مہوش حیات کے مطابق میں نے ناصرف زومبا انسٹرکٹرز کو قریب سے دیکھا بلکہ یہ بھی سیکھا کہ وہ اپنے اسٹوڈنٹس کو کس طرح ٹرین کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر زومبیز کا ماحول، خون آلود مناظر اور اداکاروں کا میک اپ سب کچھ بے حد دلچسپ اور سنسنی خیز تھا۔
اداکارہ نے ہنستے ہوئے کہا کہ ہم سب شوٹنگ کے دوران خون میں لت پت ہو جاتے تھے، یہ بہت مشکل بھی تھا مگر بے حد مزے دار تجربہ بھی رہا۔
مہوش حیات نے امید ظاہر کی کہ فلم کے لیے کی گئی تمام محنت شائقین کو ضرور پسند آئے گی۔
واضح رہے کہ فلم زومبیڈ کو پاکستان کی پہلی بڑی ہارر تھرلر زومبی فلموں میں شمار کیا جا رہا ہے، جس میں فہد مصطفیٰ بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
اداکارہ کے انکشاف کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ان کی لگن اور محنت کو خوب سراہا ہے، جبکہ کئی مداحوں نے فلم کے لیے اپنی بے چینی کا اظہار بھی کیا ہے ۔