بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی معروف گلوکار و ریپر ہنی سنگھ کو منشیات کے استعمال پر دی گئی سخت وارننگ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی۔
ہنی سنگھ نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں اپنی زندگی کے مشکل ترین دور سے متعلق کھل کر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ شاہ رخ خان اور اکشے کمار سمیت کئی بڑے ستاروں نے مجھے بارہا خبردار کیا تھا کہ میری عادتیں ایک دن مجھے مکمل طور پر تباہ کر دیں گی۔
ہنی سنگھ نے بتایا کہ 2013ء اور 2014ء میں اپنے کیریئر کے عروج پر تھا لیکن اس وقت میں ذہنی طور پر بالکل ٹھیک نہیں تھا۔
انہوں نے بتایا کہ میں بہت کم عمر میں بے پناہ کامیابی اور پیسہ حاصل کر رہا تھا، لیکن اسی دوران منشیات کا استعمال بھی کر رہا تھا، مجھے لگنے لگا تھا کہ میں ہی سب کچھ ہوں۔
ریپر کے مطابق میری تباہی کی وجہ انڈسٹری یا شہرت نہیں بلکہ میرے اپنے فیصلے اور طرزِ زندگی تھا۔
ہنی سنگھ نے بتایا کہ شاہ رخ خان، امیتابھ بچن، سلمان خان اور اکشے کمار جیسے بڑے فنکار نہایت سادہ مزاج لوگ ہیں اور وہ ہمیشہ مجھے غلط راستے سے بچنے کا مشورہ دیتے رہے ہیں۔
انہوں نے خاص طور پر شاہ رخ خان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ خان نے مجھے کئی بار کہا تھا کہ یہ سب تمہیں بگاڑ دے گا، ختم کر دے گا اور تباہ کر دے گا۔
واضح رہے کہ ہنی سنگھ 2012ء میں اپنے کیریئر کے عروج پر تھے، تاہم بعد میں وہ بائی پولر ڈس آرڈر اور منشیات کے استعمال کا شکار ہو گئے تھے، جس کے باعث ان کا کیریئر شدید متاثر ہوا۔
بعد ازاں ہنی سنگھ نے طویل وقفے کے بعد دوبارہ موسیقی کی دنیا میں واپسی کی اور اب وہ اپنی زندگی کے مشکل تجربات سے متعلق کھل کر بات کر رہے ہیں۔