امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان 3 دن کے لیے جنگ بندی ہوگئی ہے۔
واشنگٹن سے جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان آئندہ 3 روز کےلیے جنگ بندی ہوئی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان 9، 10 اور 11 مئی کے دوران جنگ بندی ہوگی۔
صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی، دوسری جنگ عظیم کی فتح کا جشن منانے کےلیے ہوئی ہے۔ اس دوران ہر قسم کی عسکری کارروائیوں کی معطلی شامل ہوگی اور دونوں ممالک 1،1 ہزار قیدیوں کا تبادلہ بھی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی ان کی درخواست پر ہوئی اور وہ ان کی درخواست پر اتفاق کرنے پر روس اور یوکرین کے صدور کو سراہتے ہیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ یہ ایک بہت طویل، جان لیوا اور سخت جنگ کے خاتمے کا آغاز ہے، اس بڑے تنازع کو ختم کرنے کےلیے بات چیت جاری ہے۔
یوکرینی صدر زیلینسکی نے صدر ٹرمپ کی جانب سے روس اور یوکرین کے درمیان تین روزہ جنگ بندی کی تصدیق کردی۔
ایک بیان میں یوکرینی صدر زیلینسکی نے کہا ہے کہ تین روزہ جنگ بندی کے دوران یوکرین اور روس ایک ایک ہزار قیدیوں کا تبادلہ کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز روس نے دوسری جنگ عظیم کے یوم فتح کے موقع پر یوکرین کیخلاف جاری تنازع میں عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق روس کی وزارتِ دفاع نے تصدیق کی کہ یوکرین کے ساتھ جاری تنازع میں 8 مئی کی رات سے 10 مئی تک جنگ بندی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے 9 مئی کے دن یوکرین کے ساتھ جنگ بندی کی پیشکش کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو روس نازی جرمنی پر سوویت یونین کی فتح کا دن مناتا ہے، انہوں نے اس بات کا اظہار صدر ٹرمپ سے بات چیت کے دوران بھی کیا تھا، اس تجویز کی امریکی صدر نے حمایت کی تھی۔
روسی صدر نے کہا تھا کہ وہ اس بات پر تیار ہیں کہ روسی یوم فتح کی تقریبات کے دوران جنگ بندی رکھی جائے۔