پشاور(جنگ نیوز)سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد بختیار خان نے کہا ہے کہ بائیو فرٹیلائزرز کے استعمال کے فوائد کے بارے میں کسانوں کو آگاہی دلانے کی ضرورت تاکہ کیمیائی کھادوں پر ان کاانحصار کم ہو اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرتے ہوئے پائیدار زراعت اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مدد حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹوریٹ آف سوائل اینڈ پلانٹ نیوٹریشن، زرعی تحقیقاتی ادارے ترناب پشاور کے دورہ کےدوران کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع ڈاکٹر محمد نوید خان بھی موجود تھے۔ سیکرٹری زراعت کو سوائل مائیکرو بائیولوجی سیکشن میں بائیو فرٹیلائزرز کی تیاری، تحقیق اور ترقی کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی گئی۔ متعلقہ ماہرین نے بائیو فرٹیلائزرز کی تیاری کے مختلف مراحل، لیبارٹری سہولیات، تحقیقاتی سرگرمیوں اور پیداواری عمل کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پربائیو فرٹیلائزرز کی تیاری کے عملی مراحل کا مظاہرہ بھی کروایا گیا اور بتایا گیا کہ یہ جدید زرعی ٹیکنالوجی زمین کی زرخیزی بہتر بنانے، فصلوں کی صحت مند نشوونما اور ماحول دوست زراعت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ اس موقع پر کسانوں تک بائیو فرٹیلائزرز کی مؤثر رسائی، بڑے پیمانے پر پیداوار اور ان کے استعمال کو فروغ دینے کے حوالے سے مختلف حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری زراعت نے ادارے میں جاری تحقیق، سائنسدانوں کی محنت اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زرعی شعبے کی ترقی کے لیے تحقیق اور جدت ناگزیر ہیں۔ innovation کا عمل کبھی رکنا نہیں چاہیے کیونکہ یہی مستقبل کی پائیدار زراعت کی بنیاد ہے۔