پشاور(جنگ نیوز)وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سرزمین خان نے آمیر محمد خان کیمپس مردان (اے ایم کے ریسرچ فارم) کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے فیتا کاٹ کر گندم کے تصدیق شدہ گلزار اور زرغون بیج کی کٹائی کا باقاعدہ آغاز کردیا۔واضح رہے کہ ریسرچ فارم میں 165 ایکڑ اراضی پر تصدیق شدہ بیج کی پیداوار کے لئے گندم کاشت کی گئی تھی۔ افتتاحی تقریب کو صوبے میں معیاری بیج کی فراہمی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔ڈائریکٹر کیمپس ڈاکٹر محمد اسرار نے اے ایم کے کیمپس کی فیکلٹی اور انتظامی آفسران کے ہمراہ وائس چانسلر کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف کراپ پروڈکشن سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ہمایون خان، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، ڈین فیکلٹی آف رورل سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ظفراللہ خان، ڈائریکٹر فارمز پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف اور ڈائریکٹر وائس چانسلر سیکرٹریٹ ماجد خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد اسرار نے وائس چانسلر اور ڈینز کو فارم کی سرگرمیوں، بیج کی پیداوار کے طریقہ کار اور صوبائی سطح پر بیج کی ترسیل میں فارم کے کلیدی کردار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ اے ایم کے ریسرچ فارم وسطی خیبرپختونخوا میں تصدیق شدہ بیج گلزار اور زرغون کی پیداوار کا ایک اہم مرکز ہے جو صوبے بھر کے کاشتکاروں کو اعلیٰ معیار کے گندم کے بیج کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سیزن میں فارم سے تقریباً پانچ ہزار من تصدیق شدہ گندم کا بیج حاصل ہونے کی توقع ہے۔ یہ بیج محکمہ زراعت توسیع کے ذریعے صوبے بھر کے کسانوں کو فراہم کیا جائے گا تاکہ انہیں بروقت معیاری اور بہتر بیج دستیاب ہو سکے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سرزمین خان نے فارم انتظامیہ اور فنی عملے کی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی غذائی تحفظ اور پائیدار گندم کی پیداوار میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے بیج کی پیداوار میں اعلیٰ معیار برقرار رکھنے اور ادارہ جاتی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ زرعی تحقیقاتی اور توسیعی اداروں کے درمیان قریبی تعاؤن کو مزید فروغ دیا جائے تاکہ پائیدار زرعی ترقی اور کسانوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اے ایم کے کیمپس زرعی تحقیق اور کاشتکار برادری کے درمیان ایک مضبوط رابطے کے طور پر اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے