• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور کے مختلف علاقوں میں پرتشدد واقعات کے دوران 3 افراد قتل، ایک زخمی

پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور کے مختلف علاقوں میں پرتشدد واقعات کے دوران 3افراد کو فائرنگ کرکے قتل جبکہ ایک کو زخمی کردیا گیا ہے ۔ تھانہ متنی کے سب انسپکٹر حامد جان کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ پولیس کو اطلاع ملی کہ گلشن آباد نزد گورنمنٹ مڈل سکول ایک 35 سالہ شخص کی لاش پڑی ہے جسے فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے، مقتول کے پاس سے ایسی کوئی دستاویز یا شناختی کارڈ برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت ممکن ہو پاتی۔اسی طرح تھانہ سربند پولیس کو فضل امین ولد شرافت اللہ سکنہ شیخ محمدی نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ گھر پر موجود تھا کہ اسے بھائی کی لاش باڑہ خوڑ کے قریب پڑے ہونے کی اطلاع ملی جسے نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا ہے ۔ مدعی کے مطابق ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی یا لین دین کا تنازعہ نہیں ہے، دریں اثناءبھانہ ماڑی پولیس کو زخمی یاسین نے ہسپتال میں بیان دیتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے بھائی عاصم کے ہمراہ گاڑی میں اپنے تیسرے بھائی وسیم کے گھر بجوڑی گیٹ سے واپس آ رہے تھے کہ سید انور میڈیکل سینٹر روڈ پر اس کے بھائی نے ایک نامعلوم شخص کو گاڑی میں بٹھا لیا، راستے میں مذکورہ شخص گاڑی کا دروازہ بار بار کھول رہا تھا جسے اس کا بھائی بند کر رہا تھا، اسی دوران گاڑی میں سوار ملزم اور اس کے بھائی کے درمیان باتوں کا سلسلہ بھی جاری تھا کہ اچانک ملزم نے پیچھے سے ان پر فائرنگ کر دی اور فرار ہو گیا،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اہل خانہ نے دونوں زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے عاصم کی موت کی تصدیق کر دی جبکہ دوسرے بھائی کا علاج جاری ہے، مدعی کے مطابق فائرنگ کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
پشاور سے مزید