پشاور (لیڈی رپورٹر )کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور نے شہر کے مختلف علاقوں میں قابض مافیا اور نادہندگان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے،مختلف مقامات پر 6 دکانیں، ایک سپورٹس جمنازیم اور سرکاری کوارٹر واگزار کرا کے سربمہر کر دیئے گئے،ڈائریکٹرسٹیٹ اینڈایچ آرکامران امجد کے مطابق ڈائریکٹر جنرل قدیر نصیر کی ہدایات پر رام داس بازار میں 4 دکانیں، نمک منڈی اور دلہ زاک روڈ پرایک،ایک مجموعی طورپرچھ دکانیں واگزارکرائی گئیں،رام داس بازارکی دکانوں پر قابضین عدالتی کیس ہارنے کے باوجود قابض تھے، جنہیں محکمہ کی جانب سے عدالت میں موثر پیروی کے بعد خالی کرایا گیاہے، انہوں نے بتایا کہ گلبہار میں جمنازیم پربعض بااثر عناصر قابض تھے جو وہاں سے غیر قانونی فیسیں وصول کر رہے تھے جسے اب سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے،وزیر باغ کے عقب میں واقع ایک سرکاری کوارٹر کوڑیوں کے مول کرائے پر دیا گیا تھا۔ مذکورہ شخص نے ایک سال سے واجب الادا کرایہ بھی جمع نہیں کرایا تھا، کوارٹر کو بھی واگزار کرایا گیا، واگزار کرائی گئی تمام جائیدادوں کونیلام یا قانون کے مطابق استعمال میں لایا جا ئیگا، بقایاجات کی وصولی کے لئے کارروائیوں کاآغازکرکے تمام نادہندگان کو وارننگ جاری کر دی گئی ہے کہ وہ اپنے ذمہ واجب الادا رقوم فوری طور پر جمع کرائیں، بصورت دیگر ان کی جائیدادیں بھی سیل کر دی جائیں گی۔