پشاور( لیڈی رپورٹر )ال پاکستان درجہ چہارم کلاس فور ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا نے اپ گریڈیشن، ٹائم اسکیل اور دیگر مطالبات کے حق میں مرحلہ وار احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے سیاہ پٹیاں باندھنے، پریس کلبوں کے سامنے مظاہروں اور صوبائی اسمبلی کے باہر احتجاج کا فیصلہ کر لیا۔ تنظیم نے ایگیکا ٹیچرز اور ایبکاں کی احتجاجی تحریک کی مکمل حمایت کا بھی اعلان کیا ہے۔یہ فیصلے صوبائی صدر اکبر خان مومند کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس پشاور میں منعقدہ اجلاس میں کیے گئے، جس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے عہدیداران اور ملازمین نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر بی پی ایس 7اپ گریڈیشن، ٹائم اسکیل اور درجہ چہارم ملازمین کے دیگر مسائل کے حل کے لیے احتجاجی اور تنظیمی لائحہ عمل منظور کیا گیا۔ شرکاء نے فیصلہ کیا کہ پہلے مرحلے میں آئندہ ہفتے سے دفاتر میں ایک روز سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا جائے گا، دوسرے مرحلے میں پریس کلبوں کے سامنے مظاہرے ہوں گے جبکہ آخری مرحلے میں صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔مقررین نے کہا کہ درجہ چہارم ملازمین طویل عرصے سے اپنے جائز حقوق کے منتظر ہیں، لہٰذا حکومت بجٹ میں ان کے مطالبات شامل کرتے ہوئے فوری عملی اقدامات کرے۔