• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منشیات کیخلاف ڈیرہ، پشاور ، ایبٹ آباد میں کریک ڈاؤن،متعدد ملزمان گرفتار

پشاور (خصوصی نامہ نگار) محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے صوبے کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر کے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی خان، ایبٹ آباد اور پشاور میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران آئس اور چرس سمگلنگ کی کوششیں ناکام بنا دی گئیں جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔محکمہ ایکسائز کے مطابق ڈی آئی خان میں ایکسائز بیورو آف انٹیلیجنس اینڈ انوسٹیگیشن سکواڈ نے خفیہ اطلاع پر درابن روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے خواتین کے ذریعے آئس اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ لیڈی کانسٹیبل کے ذریعے تلاشی کے دوران دو خواتین سے مجموعی طور پر 6500 گرام آئس برآمد ہوئی۔ کارروائی میں ملزم عاقب خان ولد خانزادہ ساکن مردان کو ملوث رشتہ دار خواتین سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق برآمد شدہ آئس اسلام آباد اور لاہور سمگل کی جا رہی تھی۔ ملزمان کے خلاف تھانہ ایکسائز ڈی آئی خان میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ایبٹ آباد میں تھانہ ایکسائز نے حویلیاں انٹرچینج کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 2438 گرام چرس برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ ایکسائز ایبٹ آباد میں مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ پشاور میں ایکسائز بیورو آف انٹیلیجنس اینڈ انوسٹیگیشن نے ناردرن بائی پاس پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے گاڑی نمبر بی جے ایف 749 سے 48000 گرام چرس برآمد کر لی جس کا مقدمہ تھانہ ایکسائز پشاور میں درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔وزیر ایکسائز سید فخر جہان کی ہدایات پر صوبائی حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ محکمہ ایکسائز کے مطابق صوبہ بھر میں منشیات کے ناسور کے خاتمے کیلئے بلاامتیاز آپریشنز جاری رہیں گے۔
پشاور سے مزید