اسلام آباد( رپورٹ:،رانامسعود حسین) وفاقی آئینی عدالت نے کراچی میں ’رہائشی پلاٹوں‘ کو ’کمرشل کیٹیگری‘ میں تبدیل کرنے پر عائد پابندی ختم کر تے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس فیصلہ کی روشنی میں باغات، ہسپتالوں، کھیل کے میدانوں اور دیگر عوامی مقامات کی کیٹیگری میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جا سکے گی۔ جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں جسٹس ارشد حسین پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مقدمہ کی سماعت کی توجسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت کسی بھی ادارے کے انتظامی کاموں میں مداخلت نہیں کی جائیگی، اگر کوئی ادارہ قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہے تو متاثرہ فریق متعلقہ فورم یا ہائی کورٹ سے رجوع کرے، اگر ہائی کورٹ کے فیصلے سے تسلی نہ ہو تو اپیل کا راستہ موجود ہے، عدالت نے واضح کیا کہ عدالتوں کا ازخود نوٹس کا اختیار اب ختم ہو چکا ہے، بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں پہلے سے موجود قوانین کے تحت کارروائی کی جائے۔ انہوںنے مزید کہا کہ توقع ہے کہ ٹاؤن پلاننگ کے تمام ادارے نیک نیتی سے کام کرینگے، پلاٹوں کی کیٹیگری تبدیل کرنے سے متعلق یہ فیصلہ کسی ادارے کے کام میں رکاوٹ نہیں بنے گا۔