اسلام آباد( خالد مصطفیٰ ) عالمی توانائی مارکیٹ میں شدید اتار چڑھاؤ کے پس منظر میں قومی سلامتی کی ضروریات اور حج آپریشنز کو مستحکم رکھنے کے لیے پاکستان کے آئل ریفائننگ شعبے نے اربوں روپے کے ریلیف پیکیج پر اتفاق کر لیا ہے۔ وفاقی حکومت کے ساتھ طے پانے والے ایک تاریخی معاہدے کے تحت ریفائنریز 30 جون 2026 تک پاک فوج، پاک فضائیہ اور حج پروازوں کو جنگ سے پہلے کی قیمتوں پر رعایتی ایندھن فراہم کریں گی۔وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کی سربراہی میں نیشنل کلین مینجمنٹ کمیٹی (NCMC) کے اجلاس میں طے پانے والے اس معاہدے کے تحت عسکری اداروں کے ایندھن کے اخراجات کو خلیجی جنگ کے باعث بڑھتی ہوئی عالمی قیمتوں سے الگ کر دیا گیا ہے۔