• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اردو یونیورسٹی، تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی کا معاملہ سینیٹ کمیٹی پہنچ گیا

کراچی (سید محمد عسکری) وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی کے ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی کا سنگین معاملہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت میں پہنچ گیا ہے، کمیٹی نے یونیورسٹی کی مالی و انتظامی صورت حال، دستیاب فنڈز، واجبات، تدریسی و غیر تدریسی ملازمین اور سنڈیکیٹ کی تشکیل سے متعلق مکمل تفصیلات طلب کرلی ہیں۔سینیٹ سیکریٹریٹ کے جاری کردہ نوٹس کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کا اجلاس جمعہ 4 ستمبر 2026ء کو صبح 11 بجے گورنر ہاؤس کراچی میں ہوگا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کی چیئرپرسن سینیٹر بشریٰ انجم بٹ کریں گی۔اجلاس میں وفاقی اردو یونیورسٹی کراچی کے ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی سے پیدا ہونے والی صورت حال پر یونیورسٹی حکام سے تفصیلی بریفنگ لی جائے گی۔ کمیٹی نے یونیورسٹی میں تعینات تدریسی اور غیر تدریسی ملازمین کی مجموعی تعداد اور ان کی مکمل تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔قائمہ کمیٹی نے وفاقی اردو یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ کی موجودہ تشکیل، ہر رکن کی مدتِ رکنیت اور سنڈیکیٹ میں خالی اسامیوں کی تفصیلات بھی اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی کے تمام دستیاب فنڈز کی اکاؤنٹ وار تفصیلات اور ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن سے متعلق زیرِ التوا مالی واجبات کا مکمل گوشوارہ بھی طلب کیا گیا ہے۔اجلاس میں قائدِ ایوان سینیٹر محمد اسحاق ڈار، سینیٹر راحت جمالی، سینیٹر اشرف علی جتوئی، سینیٹر سید مسرور احسن، سینیٹر خالدہ عطیب، سینیٹر فلک ناز، سینیٹر فوزیہ ارشد، سینیٹر مرزا محمد آفریدی، سینیٹر گردیپ سنگھ، سینیٹر کامران مرتضیٰ اور سینیٹر سید وقار مہدی بطور ارکان شریک ہوں گے، جب کہ سینیٹر سرمد علی کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت بلحاظ عہدہ کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ سینیٹ سیکریٹریٹ نے وفاقی سیکریٹری تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کو بھی متعلقہ محکموں کے سربراہان کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی ہے۔ چیئرپرسن کی اجازت سے دیگر امور بھی اجلاس میں زیرِ غور لائے جاسکیں گے۔

اہم خبریں سے مزید