پشاور( لیڈی رپورٹر )ضلع اورکزئی کی قوم ماموزئی نے حکومت متاثرین کے سروے چیکس جاری نہ کرانے کیخلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ بعد ازاں صوبائی اسمبلی چوک تک ریلی نکالی مظاہرین کی قیادت مذکورہ قوم کے مشران عیسیٰ خان اورکزئی، صدیق، عبدالجلال، سعید خان اورکزئی نے کی انہوں نے کہا کہ متاثرین کیلئے اعلان کردہ رقم کے چیکس فوری طور پر جاری کئے جائیں، ری سروے جلد مکمل کیا جائے اور بلاک شدہ چیکس فوری بحال کئے جائیں مظاہرین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 3189 متاثرہ خاندانوں کا سروے اور ٹوکن جاری کئے گئے مگر کئی سال گزرنے کے باوجود متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی نہیں ہوسکی ہزاروں خاندانوں کا ری سروے تاحال باقی ہے جسے فوری طور پر مکمل کیا جانا چاہئےسروے کے دوران متعدد مستحق خاندان شامل نہ ہوسکے جبکہ ہزاروں سروے چیکس بلاک کردیئے گئے، جس کے باعث متاثرین شدید ذہنی دباؤ اور مالی مشکلات کا شکار ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام سروے چیکس فوری جاری کئے جائیں، بلاک شدہ چیکس بحال کئے جائیں اور شفاف ری سروے کے ذریعے تمام متاثرین کو ان کا جائز حق دیا جائے ماموزئی قوم نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی، وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ قوم ماموزئی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔