راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سکیورٹی اسلام آباد رانا عمر فاروق نے ایوانِ صدر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور انہیں سکیورٹی امور اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ترجمان اسلام آ باد پولیس کے مطابق دورے کے دوران ڈی آئی جی سکیورٹی نے ایوانِ صدر کے اطراف قائم ناکہ جات اور دیگر سکیورٹی پوائنٹس کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے سکیورٹی انتظامات، چیکنگ کے طریقہ کار اور جوانوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈی آئی جی سکیورٹی نے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ داخلہ و خارجی راستوں کی سیکیورٹی کو مزید موثر اور مضبوط بنایا جائے تاکہ سرکاری و نجی املاک کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی ڈیوٹی کے دوران مکمل چوکسی، نظم و ضبط اور احساسِ ذمہ داری کا مظاہرہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔