ایران میں تعینات چینی سفیر کانگ پَے وُو کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک قابل اعتماد اور قابل ثالث ہے۔
ایرانی نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے چینی سفیر نے پاکستان کو ایک قابلِ اعتماد اور مؤثر ثالث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین مشرق وسطیٰ میں امن کے فروغ اور علاقائی استحکام کے لیے اسلام آباد کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
چینی سفیر نے کہا کہ چین مشرق وسطیٰ میں امن کے فروغ، ایران اور امریکا کے درمیان عارضی جنگ بندی میں سہولت کاری اور اسلام آباد مذاکرات کی میزبانی میں پاکستان کے فعال کردار کو سراہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان عارضی جنگ بندی کے قیام میں سہولت کاری کے ساتھ ساتھ سفارتی رابطوں کو آگے بڑھانے میں بھی مثبت کردار ادا کیا ہے۔
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ موجودہ علاقائی صورتحال میں ایسے ممالک کی اہمیت بڑھ جاتی ہے جو مختلف فریقوں کے درمیان رابطے کا پل بن سکیں، اور پاکستان نے اس حوالے سے خود کو ایک قابل اعتماد شراکت دار اور ثالث کے طور پر منوایا ہے۔
چینی سفیر نے مزید کہا کہ چین مشرق وسطیٰ میں امن، سلامتی اور ترقی کے فروغ کے لیے تمام تعمیری سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔