لاہور (کرائم رپورٹرسے) منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کی لاہور میں رہائش سے متعلق اہم انکشافات سامنے آ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پنکی نے شہر کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کرائے پر 5 مرلے کا مکان حاصل کر رکھا تھا، جہاں اردگرد نجی یونیورسٹیوں کی طالبات کی بڑی تعداد رہائش پذیر ہے جبکہ قریبی علاقوں میں لڑکوں اور لڑکیوں کے متعدد ہوسٹلز بھی قائم ہیں۔ دستاویزات کے مطابق مذکورہ مکان شہری جہانزیب اشرف سے 11 ماہ کے لیے 300 روپے کے اسٹامپ پیپر پر کرائے پر لیا گیا، تاہم کرایہ نامہ پنکی کے بجائے طاہر نامی شخص کے نام پر تیار کیا گیا۔ معاہدے کے تحت 90 ہزار روپے ایڈوانس جبکہ ماہانہ کرایہ 45 ہزار روپے مقرر کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے وقت پنکی کے والدین اور دو بچے بھی گھر میں موجود تھے جبکہ گرفتاری کے بعد مکان کو تالے لگا دیے گئے ہیں۔دوسری جانب انمول عرف پنکی کی گرفتاری اور اس کے انکشافات کے بعد لاہور پولیس نے شہر بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے۔