پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے قبائلی اضلاع باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں حاملہ خواتین اور نومولود بچوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے 42 خصوصی ایمبولینسز مہیا کی جارہی ہیں۔اس خصوصی سروس کا افتتاح صوبائی وزیر برائے محکمہ ریلیف عاقب اللہ خان نے صوبائی ہیڈکوارٹر ریسکیو 1122 پشاور میں کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل شاہ فہد نے صوبائی وزیر کا استقبال کیا اور انہیں ریسکیو سروسز، ایمرجنسی رسپانس نظام اور خصوصی ایمبولینس سروس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ یہ خصوصی ایمبولینسز حاملہ خواتین اور نومولود بچوں کو بروقت اور محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے استعمال کی جائیں گی، خصوصاً دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں جہاں فوری طبی رسائی ایک بڑا چیلنج ہے۔ ایمبولینسز میں جدید طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن میں انکیوبیٹر، آکسیجن سپورٹ سسٹم، ڈیلیوری کٹس، سکشن مشین، مانیٹرنگ آلات اور زچہ و بچہ کی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دیگر ضروری طبی آلات شامل ہیں۔