پشاور (خصوصی نامہ نگار) جرمنی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کا دورہ کیا جہاں پائیدار تعمیرات، توانائی کے مؤثر استعمال والی عمارتوں، قابلِ تجدید توانائی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ شہری ترقی کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کی قیادت پاکستان میں وفاقی جمہوریہ جرمنی کی سفیر محترمہ اِنا لیپل کر رہی تھیں۔ وفد میں جرمن ترقیاتی تعاون کی سربراہ میریئم بیوڈن بینڈر بُخولز، جی آئی زیڈ کی کنٹری ڈائریکٹر ماریا پوڈے، توانائی وموسمیاتی تبدیلی کلسٹر کے کوآرڈی نیٹر مسٹر وولف گانگ ہیسے، سینئر ٹیکنیکل ایڈوائزر مسٹر الیگزینڈر فشر اور انرجی ایفیشنسی پراجیکٹ کے پراجیکٹ ہیڈ محمد ارشاد خان شامل تھے۔ سیکرٹری اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد اسرار خان نے خیبر پختونخوا حکومت اور جرمن حکومت کے درمیان جی آئی زیڈ کے ذریعے قائم روابط کو سراہا۔