اسلام آباد (نیوز ر پورٹر) جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی و صوبائی قائدین نے اہل سنت ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی بھرپور اور غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے حکومتِ وقت اور بالخصوص سندھ حکومت کو سخت ترین الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ اوقاف کی آڑ میں اہل سنت کے مسلمہ، آئینی اور تاریخی حقوق کو غصب کرنے کی مہم جوئی فوری طور پر بند کی جائے، بصورتِ دیگر پیدا ہونے والی شدید بے چینی اور ملک گیر احتجاج کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔جماعت اہلسنت پاکستان کے سربراہ علامہ سید مظہر سعید کاظمی، ناظم اعلیٰ صاحبزادہ پیرخالد سلطان قادری، مرکزی سیکرٹری اطلاعات پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری، رکن سنی سپریم کونسل وسیم ممتاز ایڈووکیٹ، صوبائی امیر پیر سید خلیل الرحمن شاہ بخاری، صوبائی ناظم اعلیٰ مولانا محمد فاروق خان سعیدی اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی نے اپنے ایک ہنگامی اور اہم ترین مشترکہ اعلامیے میں محکمہ اوقاف کی جانب سے سندھ حکومت کو بھیجی جانے والی حالیہ سمری پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے اہل سنت کے مذہبی، آئینی اور تاریخی حقوق پر کاری ضرب اور مروجہ تاریخی معاہدوں پر کھلا حملہ قرار دیا ہے۔جماعت اہلسنت کے قائدین نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ سندھ میں جاری اس خطرناک مہم کا فوری نوٹس لیں، قبضہ مافیا اور محکمہ اوقاف کے متعصب افسران کو لگام دیں ۔