لاہور (اپنے نامہ نگار سے)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں محتسب پنجاب عائشہ حامد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں محتسب پنجاب عائشہ حامد نے گورنر پنجاب کو ادارے کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2025 پیش کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ محتسب پنجاب کا ادارہ لوگوں کو سستے اور فوری انصاف مہیا کرنے کا آسان اور موثر ذریعہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جب گورنر پنجاب کا عہدہ سنبھالا تو گورنر آفس میں محتسب پنجاب کی جانب سے اپیلیں تین سال سے التوا کا شکار تھیں جنہیں ترجیحی بنیاد پر نمٹا کر عوام کو ریلیف دیا۔گورنرپنجاب نے کہا کہ سائلین کو فوری انصاف کی فراہمی ناگزیر ہے، تاخیر سے ملنے والا انصاف، انصاف نہ دینے کے مترادف ہے۔