کراچی(اسٹاف رپورٹر) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی آج عید الاضحی مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منائی جائے گی ، نماز عید کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانور قربانی کئے جائیں گے ،نماز عید الاضحی کے بڑے اجتماعات سبیل والی مسجد، میمن مسجد، فیضان مدینہ ،مرکزی عید گاہ ناظم آباد، جامع مسجد فاروق اعظم، جامع مسجد نیو ٹاؤن، مسجد کنز الایمان، دار العلوم نعیمیہ، دارالعلوم امجدیہ سمیت شہر کی بڑی مساجد و امام بارگاہوں عید گاہوں اور کھلے میدانوں میں منعقد ہونگے، کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع باغ جناغ (پولو گرانڈ) میں منعقد ہوگا۔ جہاں عام شہریوں سمیت سیاسی و سماجی رہنما، تاجر برادری، غیر ملکی سفارتکار عید کی نماز ادا کریں گے، عالم اسلام کی سر بلندی، ملک میں قیام امن، ترقی و خوشحالی، دہشتگردی کے خاتمے اور کشمیر، فلسطین کی آزادی کے لیئے دعائیں کی جائیں گی، شہر میں امن امان کی صورتحال کو بحال رکھنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیئے گئے ہیں۔