کراچی(جنگ نیوز ) سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ نے عیدالاضحی کے موقع پر اجتماعی قربانی کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ۔سیلانی کے تحت آج 200 سے زائد مقامات پراجتماعی قربانی ہو گی ۔چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر 200 سے زائد مقامات پر عید کے تینوں دن 12 ہزار سے زائد گائے اور بکرے قربان کیے جائیں گے، جبکہ اس عمل کو منظم انداز میں مکمل کرنے کے لیے سیلانی کی 200 سے زائد ٹیمیں متعلقہ شہروں اور علاقوں کے لیے روانہ کر دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سیلانی ویلفیئر کے بانی و چیئرمین مولانا بشیر فاروقی کے مطابق سیلانی گزشتہ 27 سال سے سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کو عوام کے لیے آسان، شفاف اور شرعی اصولوں کے مطابق بنانے کے لیے مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی قربانی کے ذریعے قربانی کا گوشت ان مستحق خاندانوں تک پہنچایا جاتا ہے جو کئی ماہ، بلکہ بعض اوقات پورا سال گوشت جیسی نعمت سے محروم رہتے ہیں۔