بھارتی اداکارہ ترپتی دیمری نے کہا ہے کہ شائقین اسکرین پر خامیوں سے بھرپور خواتین کے کردار دیکھنا چاہتے ہیں، کوئی بھی پرفیکٹ نہیں ہوتا۔
بالی ووڈ اداکارہ ترپتی دیمری نے اپنے فلمی کیریئر میں ہمیشہ روایتی ہیروئنوں سے ہٹ کر منفرد کردار نبھائے ہیں۔ ’لیلیٰ مجنوں‘، ’بلبل‘ اور ان کی اب تک کی سب سے ہٹ فلم ’اینمل‘ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
اب وہ اپنی نئی فلم ’ماں بہن‘ میں نظر آنے والی ہیں، جہاں ان کا کردار ایک بار پھر روایتی ہیروئن جیسا نہیں ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران جب ترپتی سے پوچھا گیا کہ کیا آج کل کے شائقین اسکرین پر خامیاں رکھنے والے کردار دیکھنا پسند کرتے ہیں؟ تو انہوں نے اتفاق کرتے ہوئے کہا، ’جی ہاں! لوگ اب ایسے کردار دیکھنا چاہتے ہیں جن میں عام انسانوں جیسی خامیاں ہوں، کیونکہ حقیقت میں کوئی بھی پرفیکٹ نہیں ہوتا، چاہے میں ہوں یا فلم ’ماں بہن‘ میں میری ساتھی اداکارہ مادھوری دکشت، کوئی بھی مکمل نہیں ہے۔ جب آپ اسکرین پر خامیوں والے کردار دیکھتے ہیں، تو آپ کو وہ اپنے جیسے لگتے ہیں۔‘
فلموں میں خواتین کی روایتی عکاسی پر بات کرتے ہوئے ترپتی نے کہا، ’آج کل فلموں میں زیادہ تر دکھایا جاتا ہے کہ ماں اپنے بچوں کے لیے ہر قربانی دے دے گی، اگر بچوں نے کھانا نہیں کھایا تو ماں بھی نہیں کھائے گی لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہوتا۔ شاید کہیں ایسا ہوتا ہو، لیکن یہ کوئی عام بات نہیں ہے۔‘
ترپتی دیمری نے اپنی فلم ’ماں بہن‘ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب شائقین فلم میں ریکھا، جیا اور سشما کے کرداروں کو بنا کسی خوف اور جھجک کے اپنی زندگی جیتے ہوئے دیکھیں گے، تو وہ یقینی طور پر ان میں اپنا عکس پائیں گے۔