معروف اداکارہ مومنہ اقبال حمزہ حبیب کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔
مومنہ اقبال کی شادی کی تقریبات سوشل میڈیا پر مسلسل توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں، دعائے خیر، مہندی اور دیگر تقریبات کے بعد اب ان کے نکاح کا شاندار فوٹو شوٹ بھی سامنے آ گیا ہے، جسے مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔
اداکارہ کا نکاح حال ہی میں لاہور میں منعقد ہوا، جہاں انہوں نے اس خصوصی دن کے لیے سنہری رنگ کا خوبصورت اور بھاری کڑھائی والا لہنگا زیب تن کیا۔
دلہن کے لباس میں نفیس گوٹا اور لپا ورک سے مزین دوپٹے، جبکہ بھاری طلائی زیورات، نَتھ، جھومر، ٹیکہ، چوکر اور کنگن ان کی دلکشی میں مزید اضافہ کر رہے تھے۔
دوسری جانب ان کے شوہر حمزہ حبیب نے سفید اور سنہری رنگ کی روایتی شیروانی اور قُلہ پہن کر کلاسک انداز اپنایا، جسے سوشل میڈیا صارفین نے خوب سراہا۔
اس سے قبل اداکارہ کی مہندی کی تقریب بھی خبروں میں رہی، جہاں وہ جامنی رنگ کے دلکش لہنگے میں جلوہ گر ہوئیں جبکہ ان کے شوہر نے بھی ہم رنگ لباس کا انتخاب کیا۔
تقریب میں شوبز شخصیات کی محدود تعداد شریک ہوئی، جن میں اداکار سہیل سمیر بھی شامل تھے، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سہیل سمیر مومنہ اقبال کو مبارکباد دیتے ہوئے گلے لگاتے ہیں، جس کے دوران اداکارہ جذباتی ہو جاتی ہیں اور ان کی آنکھوں میں آنسو آ جاتے ہیں۔
مومنہ اقبال کی شادی کی تقریبات اور دلکش برائیڈل لُکس سوشل میڈیا پر مسلسل موضوعِ بحث بنے ہوئے ہیں، جبکہ مداح ان کی نئی زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔