• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کی تاریخ میں پہلی بار اینٹی منی لانڈرنگ قانون کے تحت فردِ جرم عائد

اسلام آباد (جنگ نیوز) نیب اسلام آباد/ راولپنڈی نے مالیاتی جرائم اور منی لانڈرنگ کے خلاف کارروائیوں میں ایک اہم قانونی سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد نے منگل کے روز ملزم محمد عمران کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ (AMLA)، 2010 کی دفعہ 3 کے تحت فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی مکمل کر لی۔ نیب کی تاریخ میں یہ پہلا موقع قرار دیا جا رہا ہے کہ کسی احتساب عدالت نے نیب کے حوالہ کردہ مقدمے میں AMLA کے تحت باقاعدہ چارج فریم کیے ہوں۔ ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت نیب اسلام آباد/راولپنڈی کی جانب سے مالیاتی جرائم کی تحقیقات میں اختیار کیے گئے جدید اور پیشہ ورانہ طرزِ تفتیش کا مظہر ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نیب اسلام آباد/راولپنڈی وقار احمد چوہان کی قیادت میں ادارہ نہ صرف عوامی رقوم کی ریکوری پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے بلکہ کرپشن اور فراڈ سے حاصل شدہ رقوم کے مالیاتی بہاؤ اور ان کے مبینہ منی لانڈرنگ نیٹ ورکس کو بھی قانون کے مطابق ٹریس کرنے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الحیات گروپ آف کمپنیز کی انتظامیہ کے خلاف نیب کو تقریباً 1,568 سے زائد متاثرین کی شکایات موصول ہوئیں جبکہ مبینہ فراڈ کی مالیت 1.79 ارب روپے بتائی جاتی ہے۔
اہم خبریں سے مزید