اسلام آباد(تنویر ہاشمی )وفاقی ٹیکس محتسب نے قرار دیا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 175C کے تحت کارروائی کے دوران قانونی طریقۂ کار کے بغیر ٹیکس دہندگان سے رقوم کی وصولی بدانتظامی کے زمرے میں آتی ہے اور یہ عمل قانونی تقاضوں اور منصفانہ انتظامی اصولوں کے منافی ہے ، ایف ٹی او نے ایک شکایت پر ایف بی آر کو انکوائری کا حکم دے دیا۔فیڈرل ٹیکس محتسب نے ایک شکایت پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی ہے کہ وہ معاملے کی حقائق پر مبنی انکوائری کرے اور 45 روز کے اندر عملدرآمد رپورٹ جمع کرائے۔یہ شکایت ایبٹ آباد کے نور سرجیکل ہسپتال کے مالک کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ محکمہ ان لینڈ ریونیو کے اہلکاروں نے دورے کے دوران سیکشن 175C کے تحت کارروائی کرتے ہوئے قانونی اسیسمنٹ یا تحریری حکم کے بغیر دباؤ کے تحت خطیر رقم وصول کی۔