• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عیدالاضحی تعطیلات کے دوران سول ہسپتال کوئٹہ میں 15 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیاگیا

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)عیدالاضحیٰ تعطیلات کے دوران سول ہسپتال کوئٹہ میں 15 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیاگیا۔ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران سول ہسپتال کوئٹہ نے مریضوں کو بلا تعطل طبی سہولیات فراہم کرتے ہوئے مجموعی طور پر 15 ہزار 357 مریضوں کا علاج کیا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر ہادی کاکڑ نے بتایا کہ 25 سے 28 مئی 2026 کے دوران شعبہ کارڈیالوجی میں 15 کامیاب اینجیو پلاسٹیز، 25 اینجیوگرافیز اور ایک مریض میں پیس میکر نصب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عید کی تعطیلات کے باوجود ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور پیرا میڈیکل عملے نے پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھاتے ہوئے مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج فراہم کیا۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق عیدی تعطیلات کے دوران شعبۂ گائنی میں 363 ایمرجنسی کیسز موصول ہوئے، 327 بچوں کی پیدائش میں معاونت فراہم کی گئی جبکہ 46 سیزیرین آپریشنز کئے گئے۔ شعبہ امراضِ قلب میں 110 مریضوں کا علاج کیا گیا۔اسی دوران میڈیسن وارڈز میں 280، سرجری و الائیڈ شعبوں میں 178 اور شعبہ اطفال میں 381 بچوں کو داخل کرکے علاج فراہم کیا گیا، جبکہ چلڈرن ایمرجنسی میں 724 بچوں کا علاج کیا گیا۔ ہسپتال میں 35 ڈائیلاسز بھی انجام دیے گئے۔ڈاکٹر ہادی کاکڑ نے کہاکہ شعبہ کارڈیالوجی کی یہ کامیاب کارکردگی بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام اور حکومت بلوچستان کی جانب سے صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کا نتیجہ ہے، جس کے باعث عوام کو جدید اور مفت طبی سہولیات میسر آ رہی ہیں۔ انہوں نے شعبۂ کارڈیالوجی کے ڈاکٹروں، نرسز اور معاون عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ سول ہسپتال کوئٹہ صوبے کے عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی خدمات مزید بہتر بنانے کے عزم پر قائم ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے ذریعے مزید مریض جدید امراضِ قلب کی سہولیات سے مستفید ہوں گے ۔
کوئٹہ سے مزید