• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ سے دور ہو کر حقیقی زندگی کو سمجھنا چاہتی تھی: کنگنا رناوت

کنگنا رناوت---فائل فوٹو
کنگنا رناوت---فائل فوٹو

بھارتی اداکارہ اور سیاستدان کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ میں نے حقیقی زندگی اور عام لوگوں کے مسائل کو سمجھنے کے لیے خود کو بالی ووڈ کی دنیا سے کسی حد تک دور رکھا۔

اپنی نئی فلم کی تشہیری مہم کے دوران ایک انٹرویو میں کنگنا رناوت نے کہا کہ فلم انڈسٹری سے وابستہ لوگ اکثر ایک محدود دنیا میں رہنے لگتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ زمینی حقائق سے دور ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسے دائرے میں رہتے ہیں جہاں حقیقت سے فاصلہ پیدا ہو جاتا ہے، جب میں نے اس فلم کے کردار پر کام شروع کیا تو مجھے احساس ہوا کہ اس کے لیے ضروری ہے کہ میں فلمی دنیا سے کچھ دوری اختیار کروں اور عام لوگوں کے درمیان وقت گزاروں۔

اداکارہ نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں سیاست میں آنے کے بعد مجھے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے ملنے اور ان کی زندگیوں کو قریب سے جاننے کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا ہے کہ اگر ایک فنکار حقیقت سے جڑا نہ رہے تو وہ کسی بھی کردار کو پوری دیانت داری سے ادا نہیں کر سکتا، چاہے وہ خود کو کتنا ہی اچھا اداکار کیوں نہ سمجھتا ہو۔

کنگنا نے بتایا کہ اگرچہ میرا تعلق ایک متوسط طبقے کے خاندان سے ہے، لیکن کم عمری میں شوبز انڈسٹری کا حصہ بننے کے باعث مجھے برسوں بعد دوبارہ عام زندگی کے تجربات کو محسوس کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اس کردار کے لیے ایک طرح کی سخت ریاضت کی ہے تاکہ خود کو اس شخصیت کے قریب لا سکوں اور اس کی زندگی کو بہتر انداز میں سمجھ سکوں۔

واضح رہے کہ کنگنا رناوت کی نئی فلم بھارت بھاگیہ ودھاتا 12 جون کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید