سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دونوں کارروائیاں 3 اور 4 جون کی درمیانی شب کیں۔
فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بنیادوں پر آپریشن کیا، اس دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد فتنہ الخوارج کے 2 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
انٹیلی جنس بنیادوں پر دوسرا آپریشن مہمند میں کیا گیا، جہاں 2 خوارج ہلاک کیے گئے، ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ عناصر علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرےخارجی کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق غیرملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رکھیں گے۔