کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں مرکزی ِ عیدِ غدیر، ہزاروں عاشقانِ ولایت کی شرکت۔ بزمِ خادمانِ اہلِ بیتؑ کے زیر اہتمام دو روزہ جشن کا اختتام شاندار آتش بازی پر ہوا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں بزمِ خادمانِ اہلِ بیتؑ نیو رضویہ سوسائٹی کے زیر اہتمام دو روزہ مرکزی جشنِ عیدِ غدیر و اعلانِ ولایتِ مولا امیرالمؤمنین حضرت علیؑ نہایت عقیدت و احترام اور شان و شوکت کے ساتھ منعقد کیا گیا، جس میں ہزاروں عاشقانِ اہلِ بیتؑ نے شرکت کی۔جشن کے موقع پر امام بارگاہ جانے والی شاہراہ کو رنگ برنگی روشنیوں، سبز پرچموں اور دیدہ زیب سجاوٹ سے آراستہ کیا گیا، جس سے پورا علاقہ روحانی اور پرجوش منظر پیش کرتا رہا۔ 17ذوالحج کو شبیہ روضہ حضرت زینبؑ کے گنبد کی تزئین و آرائش کا افتتاح کیا گیا، جبکہ خواتین اور بچوں کے لئے خصوصی فیسٹیول کا بھی انعقاد کیا گیا۔فیسٹیول میں جھولوں، آئس کریم، کھانے پینے کے مختلف اسٹالز اور تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ بچوں میں عیدی تقسیم کی گئی جبکہ خواتین کے لئے مہندی لگانے کا خصوصی انتظام کیا گیا، جہاں ڈھائی سے تین ہزار خواتین نے اس سہولت سے استفادہ کیا۔18ذی الحج کو مرکزی جشن امام بارگاہ سامراء میں منعقد ہوا، جس میں جید علمائے کرام، معروف منقبت خواں حضرات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر علامہ آلِ عباس اور علامہ حسن ظفر نقوی نے خطاب کرتے ہوئے ولایتِ علیؑ کی اہمیت، فضیلت اور فلسفۂ امامت پر روشنی ڈالی۔