کراچی (اسٹاف رپورٹر) محفل مرتضیٰ میں عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب کے دوران مولانا ابو طالب طبا طبائی نے کہا ہے کہ امام حسین ؑاور ان کے رفقاء کی سیرت و کردار کی پیروی میں ہماری نجات ہے، جامع مسجد و امام بارگاہ حیدری اورنگی ٹاؤن میں مجلس سے خطاب کے دوران مولانا مرزا حیدر علی نے کہا کہ حسین ؑ ابن علی ؑ نے حق کا پرچم بلند کیا اور اسی مقصد کیلئے اپنی جانوں کو قربان کر کے دین اسلام کو حیات نو عطاء کی، مسجد مصطفوی نارتھ کراچی میں مجلس سے خطاب کے دوران علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ حسینؑ ابن علی ؑ کے کردار کی پیروی کی جائے، انہوں نے کہا کہ ہر دور میں حق کو مٹانے کی کوشش کی لیکن اسلام مٹ نہ سکا ،اور الحمداللہ آج بھی زندہ و جاوید ہے، ہمیں خانوادہ رسولﷺ کی اطاعت کو اپنانا ہوگا ، علامہ صادق عباس عابدی نے مجلس سے خطاب میں کہا کہ یوم عاشور کے موقع پر تمام مسلمانوں کو آپس میں اتحاد اور اتفاق اور وحدت اسلامی کا عملی مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ امام حسین ؑ کی دین حق کی بقاء کیلئے دی جانے والی قربانی ہمیں عزم وحوصلے اور جذبہ شہادت کے ساتھ آپس میں اتحاد اور یکجہتی کا پیغام بھی دیتی ہے۔ علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام حسینؑ کا قیامِ کربلا محض ایک تاریخی واقعہ نہیں، بلکہ حق و باطل کے درمیان ایک دائمی اور عالمگیر کشمکش کا نام ہے، انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ نے اپنی جان، مال اور اہل و عیال کی قربانی دے کر یہ پیغام دیا کہ حریت، عزتِ نفس اور انصاف پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔