• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کی نمائش مہنگی پڑ گئی، بھارتی ویلاگر کے گھر 10 لاکھ روپے کی چوری

---فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا
---فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک خاتون ویلاگر کے گھر سے نامعلوم افراد سونا، چاندی کے زیورات، نقد رقم اور دیگر قیمتی سامان چُرا کر فرار ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ خاتون ویلاگر کا کہنا ہے کہ چوری شدہ سامان کی مالیت تقریباً 8 سے 10 لاکھ روپے بنتی ہے، پولیس کے مطابق نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گھر کی نگرانی کے لیے نصب کیے گئے کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے جس میں ایک نقاب پوش شخص لاٹھی کے ذریعے کیمرے کا رُخ تبدیل کرتا دکھائی دیتا ہے۔

تحقیقات کے دوران یہ پہلو بھی سامنے آیا ہے کہ خاتون ویلاگر نے حالیہ دنوں میں اپنے گھر، زیورات، نقد رقم اور طرزِ زندگی کی ویڈیوز سماجی رابطوں کے ذرائع (سوشل میڈیا پلیٹ فارمز) پر شیئر کی تھیں۔ 

پولیس کو شبہ ہے کہ ملزمان نے اِنہی ویڈیوز کی مدد سے گھر کے نقشے اور قیمتی اشیاء کے بارے میں معلومات حاصل کر کے واردات کی منصوبہ بندی کی۔

بھارت میں پیش آئے اس واقعے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دولت اور گھر کی تفصیلات نمایاں کرنے کے ممکنہ خطرات پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید