کوئٹہ (پ ر) زرغون ویلفیئر ہاؤسنگ ایسوسی ایشن کا جنرل باڈی اجلاس صدر سید عبدالقدیر آغا اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبدالہادی کی صدارت میںہوا، جس میں زرغون ہاؤسنگ اسکیم کو درپیش مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ 14 سال گزرنے کے باوجود اسکیم بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔ اجلاس میں سیکورٹی کی ناقص صورتحال، غیر فعال بیرئیرز، نامکمل چار دیواری، پانی کے بحران اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔شرکاء نے مطالبہ کیا کہ کیو ڈی اے رہائشیوں کو مناسب نرخوں پر پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فعال ٹیوب ویل اور پائپ لائن نظام کو بہتر بنائے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ڈیڈیکیٹڈ فیڈر کے باوجود روزانہ کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ ناقابل قبول ہے۔ ایسوسی ایشن نے بجلی کے مسائل کے حل، بجلی چوری کی روک تھام اور سیکیورٹی و انتظامی امور کی بہتری کے لیے مختلف ذیلی کمیٹیاں بھی تشکیل دیں۔