• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ : واٹر ٹینکرز کی ہڑتال نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دیں ، پشتونخوا میپ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر و ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں واٹر ٹینکرز کی ہڑتال نے شہریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے ، واسا شہریوں کو پانی کی فراہمی میں بری طرح ناکام ہے ایسے مین واٹر ٹینکرز کی بندش نے رہی سہی کسر پوری کردی ہے ، شہر کے لاکھوں شہری پانی کی بوند کو ترس رہے ہیں لیکن حکومت اور ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں ، افسوسناک امر یہ ہے کہ جس پانی کے ٹینکر کی قیمت چند روز قبل 2500 سے 3000 روپے تھی وہ اب مصنوعی قلت اور بحران کے باعث بلیک میں 7000 روپے تک فروخت ہورہا ہے ۔ مہنگائی کے اس دور میں غریب اور متوسط طبقہ اتنی بھاری قیمت ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتا جس کے باعث ہزاروں خاندان شدید اذیت میں مبتلا ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران اور بااثر طبقات سرکاری واٹر سپلائی اسکیموں سے باآسانی پانی حاصل کررہے ہیں جبکہ عام شہری خصوصاً غریب عوام پانی کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ واٹر ٹینکرز مالکان کی جانب سے گرفتاریوں کے ردعمل میں پورے شہر کو پانی سے محروم کرنا عوامی مفاد کے خلاف اقدام ہے، جس کی مذمت کرتے ہیں شہریوں کو یرغمال بناکر اپنے مطالبات منوانا کسی صورت قابل قبول نہیں اگر واٹر ٹینکرز مالکان کے مطالبات قانونی اور جائز ہیں تو حکومت فوری مذاکرات کرے اور اگر کسی نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ تاہم اس تنازع کی سزا لاکھوں بے گناہ شہریوں کو دینا کسی صورت درست نہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سنگین انسانی بحران کا فوری نوٹس لیا اور ہنگامی بنیادوں پر شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں ۔
کوئٹہ سے مزید