کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ میں ایف آئی اے بلوچستان نے مختلف وفاقی اداروں کے نام پر غیر قانونی سہولت کاری کرنے والے مبینہ ایجنٹس کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کر لیا ہے تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان بہرام مندوخیل کے مطابق کارروائی کے دوران نادرا، سوئی سدرن گیس، پاسپورٹ آفس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق مبینہ ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ افراد شہریوں کو برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹ اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول میں غیر قانونی سہولت کاری فراہم کرتے تھے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور تحقیقات کے دوران ان کے نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کا بھی سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بہرام مندوخیل نے کہا کہ غیر قانونی ایجنٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔