سابق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے جنید اکبر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے پر اپنے ردِعمل کا اظہار کر دیا۔
پی ٹی آئی کے پارلیمانی واٹس ایپ گروپ میں بھیجا گیا آڈیو مسیج ’جیو نیوز‘ کو موصول ہو گیا۔
ترجمان فراز مغل کے مطابق پارلیمانی پارٹی گروپ میں بھیجی جانے والی آڈیو علی امین گنڈپور کی ہے۔
آڈیو میسیج میں انہوں نے کہا ہے کہ ایسے اعلامیے کا اجراء پارٹی کے اندر ڈکٹیٹر شپ ہے جو درست نہیں، پارٹی کے صوبائی صدر نے میرے دور میں اپنی ہی حکومت کے خلاف باتیں کیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ میرے دور میں کابینہ پر کرپشن کے الزامات لگانے والے آج خود کابینہ میں ہیں، پارٹی سے اختلاف رکھنے والے اراکین کو اعلامیے کے ذریعے دھمکیاں نہ دی جائیں، ماضی میں ایسی باتیں کرنے والوں سے متعلق کبھی بھی اعلامیے جاری نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ مفت مشورہ دے رہا ہوں کہ ناراض اراکین کے تحفظات دور کیے جائیں، پارٹی کی جانب سے اس طرح کا ڈکٹیٹر شپ والا رویہ معاملات مزید خراب کرے گا، مجھ سمیت موجودہ وزیرِ اعلیٰ پر الزامات لگے، کیا ماضی میں مجھ پر الزامات لگانے والوں کو پارٹی نے کبھی نوٹس جاری کیے؟
علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ یہ پارٹی کسی ایک شخص کی نہیں ہم سب کی ہے، پارٹی کے ناراض ایم پی ایز زر خرید غلام تو نہیں۔
ترجمان فراز مغل کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے واٹس ایپ گروپ میں بھیجی جانے والی یہ آڈیو علی امین گنڈاپور کی ہے۔