• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریٹائر ہوکر گھر کے کام کرنے سے بہتر ہے میں فلموں میں کام کرتا رہوں، اکشے کمار

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ کے سینئر اداکار اکشے کمار فلمی انڈسٹری میں تین دہائیوں سے زیادہ وقت گزارنے اور 150 سے زائد فلموں میں کام کرنے کے بعد، کیا اب وہ ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچ رہے ہیں؟ 

اکشے کمار نے اس کا جواب نفی میں دیا اور کہا فی الحال ایسا نہیں ہے، بلکہ شاید کبھی بھی نہیں۔ 

اکشے اب بھی ہر سال متعدد پروجیکٹس پر بیک وقت کام کرتے ہیں۔ حال ہی میں ویلکم ٹو دی جنگل کے ٹریلر لانچ کے موقع پر ریٹائرمنٹ کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ کام چھوڑنا ان کے منصوبوں میں شامل نہیں۔

59 سالہ اکشے نے اعتراف کیا کہ ریٹائرمنٹ کا خیال کبھی کبھار ان کے ذہن میں آتا ضرور ہے، لیکن صرف چند لمحوں کے لیے آتا ہے۔ یہ خیال صبح 4 بجے آتا ہے، جب میں جاگتا ہوں۔ لیکن 5 سیکنڈ بعد مجھے یاد آ جاتا ہے کہ مجھے شوٹنگ پر جانا ہے۔

انہوں نے کہا پھر یاد آتا ہے کہ 300 لوگ میرا انتظار کر رہے ہیں اور مجھے سیٹ پر پہنچنا ہے۔ تو یہ خیال صرف 5 سیکنڈ کے لیے آتا ہے۔ پھر میں سوچتا ہوں کہ کل ریٹائر ہو جاؤں گا۔ اگلے دن پھر صبح 4 بجے جاگتا ہوں اور یہی سلسلہ دوبارہ شروع ہو جاتا ہے۔ اسی طرح کام کرتے کرتے 36 سال گزر گئے ہیں۔

ہندی سنیما کو کئی بلاک بسٹر فلمیں دینے والے اکشے کے مطابق ریٹائرمنٹ کا خیال انہیں اس لیے بھی پسند نہیں کیونکہ گھر پر بیٹھنے سے ان کے ذمے مزید کام آ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر میں ریٹائر ہو گیا تو کیا ہوگا؟ گھر بیٹھے الیکٹریشن بن جاؤں گا۔ کتوں کو گھمانے والا بن جاؤں گا۔ مالی بن جاؤں گا۔ گھر کے سارے کام میرے ذمے آ جائیں گے۔ میرے خیال میں بہتر یہی ہے کہ میں کام پر جاتا رہوں۔ 

جب اکشے کمار سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہیں گے، تو اکشے نے بتایا کہ وہ یہ تجربہ کر چکے ہیں، لیکن زیادہ دیر تک نہیں چل سکا۔ ایسا ہوتا ہے، میں نے کوشش بھی کی تھی لیکن ایک دن بعد ہی گھر والوں نے کہا بیٹا آپ کام پر کب جائیں گے؟ بس پھر کیا تھا۔ اس لیے بہتر یہی ہے کہ کام کرتے رہیں۔

انکا کہنا تھا میرے خیال میں ریٹائرمنٹ کا لفظ ہی غلط ہے۔ انسان کو صرف اس وقت ریٹائر ہونا چاہیے جب اس کے پاس مرنے کے لیے صرف 5 سیکنڈ باقی ہوں۔ مرتے وقت وہ کہے، بھائی اب میں ریٹائر ہو رہا ہوں۔ یہ بہتر ہوگا۔ ریٹائرمنٹ کی فکر نہ کریں، کام کرتے رہیں۔ اگر لمبی زندگی چاہتے ہیں تو مصروف اور فعال رہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید