وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور قوم کی دعاؤں سے ہم نے معاشی استحکام حاصل کیا۔
وفاقی بجٹ سے متعلق اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ معاشی استحکام کی بدولت آج ہم نے بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کیا، پاکستان کے ہر شہری کا مشکل ترین حالات میں صبر و تحمل کے مظاہرے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے مشکلات کا سامنا کیا، ملکی معاشی استحکام کیلئے بھرپور کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا وعدہ کیا تھا معاشی استحکام حاصل ہونے کے بعد اس کے ثمرات براہِ راست عام آدمی تک پہنچائیں گے۔ الحمدللّٰہ، اب خوشحالی کا وقت شروع ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل دور کے بعد جس بہتری اور ریلیف کا وعدہ کیا اسکا آغاز ہوچکا، یہ ریلیف پر مبنی اور عوامی فلاح کا بجٹ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا یہ بجٹ تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرنے کا بجٹ ہے، یہ برآمدات میں اضافے، زرعی ترقی، صنعتوں اور سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی ترقی کا بجٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بجٹ کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ معیشت کی مضبوطی کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں۔ انہوں نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے پوری معاشی ٹیم، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور تمام متعلقہ اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سب کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیت و جذبے سے ریلیف کو ممکن بنایا۔
انکا کہنا تھا کہ انشاءاللّٰہ تعالیٰ ترقی کا یہ سفر بھرپور طریقے سے جاری رہے گا، ہم عوام کے فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔