کراچی (شکیل یامین کانگا)فیفا ورلڈ کپ فٹ بال کے افتتاحی میچ میں میزبان میکسیکو نے جبکہ دوسرے میچ میں جنوبی کوریا نے کامیابی حاصل کرلی۔گواڈالاہارا، میکسیکومیں جنوبی کوریا نےخسارے میںجانے کے بعد میچ کا پانسہ پلٹا ۔گروپ اے کے جنوبی کوریا اور چیک ریپبلک کے دوسرے میچ کے پہلے ہاف میں کوئی گول نہ ہوا ۔ دوسرے ہاف میں چیک ری پبلک کو لاڈی سلاو نےبرتری دلا ئی لیکن اس کے بعد فاتح ٹیم کے ہوانگ نے 67ویں اور او ہیون 80ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو2-1کی فتح دلوا دی۔ قبل ازیں میکسیکو سٹی میں کھیلے گئے میکسیکو اور جنوبی افریقا کے درمیان ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں منفرد ریکارد بن گیا جب دونوں ٹیموں کے3 کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھاکرمیدان بدر کیا گیا۔ رف کھیل کا مظاہرہ کرنے پر ریفری نے جنوبی افریقا کے 2 اور میکسیکو کے ایک کھلاڑی کو ریڈ کارڈ دکھایا۔ میکسیکو کے تاریخی ایسٹاڈیو ازٹیکا اسٹیڈیم میں گروپ اے کے پہلے میچ میں میکسیکو کے جولین کوئنونز نے 9ویں منٹ میں گول کرکے 23 ویں ایڈیشن کا پہلا گول کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ دوسرا گول 67ویں منٹ میں راول جیمنز نے کیا۔ اس سے پہلے افتتاحی تقریب کے موقع پر اسٹیڈیم 80ہزار سے زائد تماشائیوں کی تعداد موجود تھی۔