کراچی (اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیش نے آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا، تاہم اہم فاسٹ بولر ناہید رانا سائیڈ اسٹرین انجری کے باعث سیریز سے باہر ہوگئے۔ پہلا ٹیسٹ 13 اگست سے ڈارون جبکہ دوسرا 21 اگست سے مکائے میں کھیلا جائے گا۔ بنگلہ دیشی ٹیم 31 جولائی کو آسٹریلیا روانہ ہوگی۔ نجم الحسن شنتو ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ مہدی حسن میراز نائب کپتان ہوں گے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مطابق ناہید رانا کو مکمل فٹ ہونے میں چھ سے آٹھ ہفتے لگ سکتے ہیں۔ فاسٹ بولر تنظیم حسن ثاقب بھی بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں اور انجری کی نوعیت کے باعث ان کی سال کے آخر تک واپسی متوقع ہے۔ دوسری جانب مستفیض الرحمان ہیمسٹرنگ اور پنڈلی کی انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور 18 اگست کے بعد ان کی دستیابی کا امکان ہے، جبکہ شرف الاسلام کے 29 جولائی سے دوبارہ بولنگ شروع کرنے کی توقع ہے۔