امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
برطانوی میڈیا انڈپینڈینٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق معاہدے پر آئندہ چند دنوں میں دستخط متوقع ہیں اور اس کے ذریعے آبنائے ہرمز دوبارہ کھول دی جائے گی۔
عہدیدار کا کہنا ہے کہ معاہدہ امریکی صدر کے بنیادی اہداف پورے کر رہا ہے جن میں آبنائے ہرمز کی بحالی اور ایرانی جوہری پروگرام کا خاتمہ شامل ہے۔
دوسری جانب ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ امن معاہدہ پہلے سے کہیں زیادہ قریب آ چکا ہے۔
ادھر پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدے کا حتمی اور متفقہ مسودہ تیار ہو چکا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امن کبھی بھی اتنا قریب نہیں تھا جتنا اب ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق مجوزہ معاہدے میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور لبنان میں جاری جنگ کے خاتمے سے متعلق بھی نکات شامل ہیں۔