لاہور(خصوصی نمائندہ)مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے اے آئی و خصوصی اقدامات علی ڈار نے مختلف میڈیا اداروں کے بیٹ رپورٹرز سے غیر رسمی ملاقات کی،جس میں پنجاب میں جاری مصنوعی ذہانت کے اقدامات، ڈیجیٹل تبدیلی کے منصوبوں اور نوجوانوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے مواقع کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔علی ڈار نے میڈیا نمائندگان کو پنجاب میں اے آئی کے فروغ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور عوامی سہولیات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت مستقبل کی ترقی، بہتر گورننس اور معاشی مواقع کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اے آئی، ڈیجیٹل مہارتوں اور مستقبل کی ٹیکنالوجیز سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ پنجاب کو مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل جدت کا نمایاں مرکز بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔مشیر وزیراعلیٰ نے کہا کہ اے آئی کے ذریعے روزگار، سرمایہ کاری اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں، جبکہ میڈیا اور حکومت کے درمیان مؤثر رابطہ عوام تک ترقیاتی اقدامات اور حکومتی اقدامات کی رسائی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔