ایک جرمن نوجوان نے تیز ترین انداز میں شہد کھانے کا انوکھا عالمی ریکارڈ اس وقت بنا ڈالا جب اس نے ایک منٹ میں سوا کلو شہد ہڑپ کرلیا۔
شہد دنیا کی مرغوب ترین غذاؤں میں سے ایک ہے، لیکن کیا آپ تصور کر سکتے ہیں کہ کوئی انسان ایک منٹ کے اندر ایک کلو سے بھی زیادہ شہد کھا جائے؟
شاید آپ کو یہ آسان لگے، لیکن شہد جیسے گاڑھے مادے کو اتنی تیزی سے گلے سے نیچے اتارنا پانی یا کولڈ ڈرنک پینے جتنا آسان نہیں ہوتا اور یہی وجہ ہے کہ یہ ایک انتہائی مشکل چیلنج ہے۔
یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے انوکھے اور عجیب و غریب ریکارڈز بنانے کے لیے مشہور جرمنی کے نوجوان اینڈرے اورٹولف نے اس ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔
انہوں نے محض 60 سیکنڈز میں 1,273 گرام (تقریباً سوا کلو) شہد کھا کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ایک نیا عالمی ریکارڈ درج کروایا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اینڈرے ایک بڑے چمچ کی مدد سے شہد سے بھرے ڈبے پر اس رفتار سے ٹوٹ پڑے کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے۔
اتنی تیز رفتاری سے شہد کھانا کسی بھی عام انسان کے لیے گلے میں پھنسنے یا دم گھٹنے کا سبب بن سکتا ہے، لیکن اینڈرے نے اپنی پرانی مہارت اور عزم کی بدولت یہ 'شوگر رش' چیلنج باآسانی جیت لیا۔