افریقی ملک زمبابوے میں مال گاڑی اور بس کے تصادم میں 9 افراد ہلاک ہوگئے، مرنے والوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق زمبابوے کے سرکاری ریلوے ترجمان انڈریو کنابورا کا کہنا ہے کہ حادثہ دارالحکومت ہرارے سے تقریباً 13 کلومیٹر جنوب مغرب میں پیش آیا۔
ریلوے ترجمان نے مزید کہا کہ حادثہ بس ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا، جو ریلوے کراسنگ سے گزرتے ہوئے گاڑی کو بروقت بریک لگانے میں ناکام ہوگیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں 25 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ حادثے میں مرنے والوں میں 2 معصوم بچے بھی شامل ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق زمبابوے کا شمار اُن ممالک میں ہوتا ہے جہاں سڑکوں پر پیش آنے والے حادثات کی صورتحال تشویشناک حد تک خراب ہے۔ یہاں اوسطاً ہر 15 منٹ کے بعد سڑک پر ایک حادثہ پیش آتا ہے، اس افریقی ملک میں روزانہ اوسطاً 5 افراد سڑکوں ہونے والے حادثات میں ہلاک ہوجاتے ہیں جبکہ اوسطاً 38 افراد ہر روز ان حادثات میں زخمی بھی ہوتے ہیں۔
زمبابوے کے حکام کا کہنا ہے یہاں 94 فیصد حادثات محض انسانی غلطی کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔