اسرائیلی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالاس کے ساتھ ہر قسم کے رابطے ختم کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کایا کالاس سے منسوب حالیہ بیانات کے ردعمل میں کیا گیا ہے، جس میں اسرائیل کا موازنہ جنوبی افریقہ میں نسلی امتیاز کے دور سے کیا گیا تھا۔
دوسری جانب یورپی یونین خارجہ پالیس چیف کایا کالاس نے اسرائیلی وزیر خارجہ گدون سار کی جانب سے رابطے منقطع کرنےکے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین اسرائیل کے ساتھ تعمیری تعلقات برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
سوشل میڈیا پر اسرائیلی وزیر خارجہ کے نام اپنے پیغام میں کالاس نے کہا کہ وہ باہمی مکالمے، رابطوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔
کایا کالاس نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے دو ریاستی حل ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہے، یورپی یونین دو ریاستی حل کے لیے پرعزم ہے، مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاریاں دو ریاستی حل کے حصول کو مزید مشکل بنا رہی ہیں۔