رواں ہفتے یوکرین نے دوسری بار روس کے دارالحکومت ماسکو کی آئل ریفائنری پر حملہ کر دیا۔
یوکرینی صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روس کے روستوف ریجن اور روس کے زیر قبضہ یوکرینی علاقوں میں بھی اہداف پر حملے کیے ہیں۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے گزشتہ رات ماسکو سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں 555 یوکرینی ڈرونز تباہ کر دیے۔
حکام نے کہا ہے کہ حفاظتی اقدامات کے تحت ماسکو کے رنگ روڈ پر ٹریفک جزوی طور پر معطل جبکہ ماسکو کے تمام بڑے ایئر پورٹس پر پروازیں بھی عارضی طور پر روک دی گئی ہیں۔
روسی حکام کے مطابق روستوف ریجن میں ڈرون حملوں کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک، 2 زخمی اور 2 تجارتی تنصیبات میں آگ لگ گئی۔
ادھر یوکرینی حکام نے کہا ہے کہ روس نے بھی دارالحکومت کیف پر میزائل حملے کیے، جس کے دوران شہر میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔