کراچی( اسٹاف رپورٹر)شہر میں ہیوی ٹریفک نے بچے اور ایک شخص کی جان لے لی،تفصیلات کے مطابق بلدیہ نیول کالونی اے تھری بس اسٹاپ کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار شخص کو ٹکر مار دی ،حادثے میں 10 سالہ ساحل ولد عبداللہ اور ایک شخص زخمی ہو گئے، انھیں سول اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ ر استے میں بچے نے دم توڑ دیا جبکہ زخمی شاہد کو طبی امداد دی جا رہی ہے ،پولیس نے بتایا کہ متوفی بچہ اپنے بھائی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سوار تھا ، پولیس نے ڈمپر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے ، سینٹرل جیل کے قریب تیز رفتار بس کی ٹکرسے موٹر سائیکل پر سوار 48 سالہ شکیل ولد نزیر احمد جاں بحق اور شہر یار ا شدید زخمی ہوگیا،پولیس کے مطابق پرائیوٹ بس کو قبضے میں لے لیا گیا ،واضح رہے کہ کراچی میں رواں سال ہیوی ٹریفک سے حادثات میں اب تک 147 افرادجاں بحق ہوچکے ہیں، ڈمپر کی ٹکر سے7،ٹریلر کی ٹکر سے69، واٹرٹینکر سے39 ،منی بس کی ٹکر سے 16 اور بس کی ٹکر سے 16 افراد شامل ہیں۔