کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی ہڑتال جمعہ کو دوسرے روزبھی جاری رہی، جس کے باعث شہریوں کوآمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد (کے ٹی آئی) کے صدر حاجی تواب خان کا کہنا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کام یاب نہیں ہوسکے ہیں۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق ای چالان اور بھاری جرمانوں کے خلاف کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کی اپیل پر بسوں، منی بسوں اور کوچز کے مالکان جمعرات سے غیر معینہ مدت تک ہڑتال پر ہیں، حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے مابین مذاکرات میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، ہڑتال کے سبب دفاتر، تعلیمی اداروں اور کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور پبلک ٹرانسپورٹ سے سفر کرنے والے شہری سخت پریشان ہیں۔